اسلام آ باد (نیوز پلس)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ نے جو کارکردگی دکھائی اور پیسے برآمد کیے یہ انتہائی متاثر کن ہے اور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کروں گا کہ آپ اس کی تشہیر کریں تاکہ لوگوں کو پتہ چلے کہ اینٹی کرپشن کے اقدامات سے عوام کا کیا فائدہ ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں اینٹی کرپشن ایپ کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ‘ایپ لانچ کرکے مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کیونکہ پاکستان کو ماڈرن سوسائٹی بنانے میں یہ ایک بڑا قدم ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ تقریباً 130 ارب روپے کی عوام کی زمین واپس لایا اور 5 ارب روپے کیش برآمد کیا یہ سب عوام پر خرچ ہوگا لیکن پاکستان میں مشکل یہ ہے کہ عوام کو سمجھ ہی نہیں ہے کہ کرپشن اور ان کی زندگی کا کیا تعلق ہے عمران خان نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ کرپشن ہوئی تو حکومت کا پیسہ چلا گیا اس سے ہمیں کیا فرق پڑتا ہے اور میں نے دیکھا کہ کئی کرپٹ لوگوں پر پھول برساتے ہیں اور ان کو زندہ باد بھی کہتے ہیں لیکن یہ ایسا ہی ہے کوئی آپ کا گھر لوٹ لے اور آپ اس پر پھول پھینکنا شروع کردیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ لوگوں کو یہ سمجھ نہیں آتی کہ جب ایک ملک کا پیسہ چوری ہوتا ہے تو اصل میں ساری قوم کو اس کا نقصان ہوتا ہے اور اس کا تعلق اس وقت واضح ہوگا جب آپ اپنی کارکردگی لوگوں کو باقاعدہ بتائیں گے.