ن لیگ کے ملک محمد احمد 224 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ۔حلف اٹھا لیا
مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کو 96ووٹ ملے۔
نعرے لگانے والے ارکان اسمبلی نشستوں پر کھڑے ہو گئے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ملک احمد خان پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔
انہوں نے 224 ووٹ لیے۔ سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر نے 96 ووٹ حاصل کیے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں 322 ارکان نے ووٹ کا حق استعمال کیا جبکہ 2 ووٹ مسترد ہوئے۔ملک محمد احمد خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی بننے کے بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھا یا اور سبطین خان نے ان سے عہدے کا حلف لیا،
سپیکر ملک محمد احمد خان اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ایوان کی باقی کارروائی چلائی ۔ہفتہ کو اسپیکر سبطین خان کی صدارت میں پنجاب اسمبلی اجلاس کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیرسے شروع ہوا۔مسلم لیگ ن کی نامزد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ایوان میں آمد پر شور شرابا ہوا ۔
سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ن لیگ کی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی۔اس کے جواب مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے بھی پی ٹی آئی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی اور ارکان اسمبلی نشستوں پر کھڑے ہو کر ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔اجلاس کے دوران خلیل طاہر سندھو کو مریم اورنگزیب نعرے لگانے کا اشارہ کرتی رہیں۔ اسپیکر سبطین خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر نے 5 نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
حلف لینے والوں میں سنی اتحاد کونسل کے حافظ فرحت، نوابزادہ وسیم بادوزئی اور مسلم لیگ(ق)کے چوہدری شافع حسین شامل ہیں۔اجلاس کے دوران 20 منٹ کے لیے نماز کا وقفہ کیا گیا جس کے بعد اب ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔
اسپیکر سبطین خان نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اوپر لیبل نہیں لگوانا چاہتا کہ اسپیکر اجلاس ملتوی کرتے گئے، میں باعزت طریقے اس کرسی کو چھوڑ رہا ہوں اور اب آپ نے پانچ سال اکٹھا چلنا ہے۔ سیکریٹری اسمبلی عامر حبیب نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا طریقہ کار ایوان میں بتایا جس کے بعد ایوان میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ کے بعد مسلم لیگ(ن) کے امیدوار ملک احمد خان اسپیکر منتخب ہو گئے۔
ملک احمد خان کو 327 اراکین میں سے 224 ارکاین کے ووٹ ملے اور وہ بھاری اکثریت سے اسپیکر منتخب ہو گئے۔ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کو 96ووٹ ملے۔
جیسے ہی اسپیکر سبطین خان نے ملک احمد خان کے اسپیکر بننے کا اعلان کیا تو اراکین نے نعرے بازی کی اور ڈیسک بجا کر اس کا خیرمقدم کیا۔
ایوان میں موجود مسلم لیگ(ن) استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ(ق)کے اراکین پنجاب اسمبلی نے اسپیکر منتخب ہونے پر ملک احمد خان کو مبارکباد پیش کی۔