نوجوانوں کیلئے ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے والے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے، انوارالحق کاکڑ
کھیل مختلف ممالک کے درمیان رابطوں کا ذریعہ ہوتے ہیں، ملک کے ہر سکول میں شطرنج جیسے کھیلوں کی سہولت ہونی چاہیے
شطرنج کا کھیل ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط سکھانے کا بھی باعث ہے جس سے آگے بڑھنے کے لئے سمت کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے
نگران وزیراعظم کا پرائم منسٹرز مائنڈ سپورٹس انیشی اٹیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب
کھیلوں کافروغ صحت مند معاشرے کے لئے ضروری ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لئے ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے والے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے،کھیل مختلف ممالک کے درمیان رابطوں کا ذریعہ ہوتے ہیں، ملک کے ہر سکول میں شطرنج جیسے کھیلوں کی سہولت ہونی چاہیے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سکولوں کے لئے پرائم منسٹرز مائنڈ سپورٹس انیشی اٹیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بیرون ملک سے آئے ہوئے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ نوجوانوں کے لئے ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے والے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے ، شطرنج کا کھیل ذہنی صحت کے بھی ساتھ ساتھ نظم و ضبط کا سکھانے کا بھی باعث ہے جس سے زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے لئے سمت کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔ پیشہ وارانہ زندگی میں یہ ایک بہترین مشغلہ ہے۔ کھیل مختلف ممالک کے درمیان رابطوں کا ذریعہ ہوتے ہیں، دنیا بھر میں بہت سے کھلاڑیوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں نام کمایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے موجودہ عہدے سے الگ ہونے کے بعد بھی یقین دلاتا ہوں کہ شطرنج کے کھیل کے فروغ کے لئے کوشاں رہوں گا۔ ملک کے ہر سکول میں اس طرح کے کھیلوں کی سہولت ہونی چاہیے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ فواد احمد فواد نے کہا کہ کھیلوں کافروغ صحت مند معاشرے کے لئے ضروری ہے۔بچوں کے مستقبل کے لئے مختلف منصوبوں کے آغازپر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیاکو مختلف چیلنجزاور مسائل کاسامنا ہے۔ماضی میں پاکستان میں شطرنج کے نمایاں کھلاڑی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے تحت مائنڈ گیمز کی سہولت ملک بھر میں 10ہزار سرکاری سکولوں میں دی جائے گی ہم اسے ملک کے تمام سرکاری سکولوں تک لے جائیں گے ۔ ہم نجی سکولوں کو بھی اس حوالے سے مدعو کر رہے ہیں جبکہ کارپوریٹ سیکٹر کی خدمات بھی لی جارہی ہیں تاکہ ملک بھر میں ہر سکول تک گیمز کا یہ سلسلہ پہنچ سکے ۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ماہ میں اسلام آباد کے 100سکولوں کو یہ سہولت دی جائے گی ۔
انہوں نے مرحوم میر سلطان خان کی کارکردگی کو خراج عقیدت پیش کیا جن کا تعلق سرگودھا سے تھا اور وہ شطرنج کے معروف کھلاڑی تھے جنہوں نے 1929،1931اور 1932 میں برٹش شطرنج چیمئپن شپ جیتی ۔ ان کی خدمات پر انٹرنیشنل چیس فیڈریشن کے صدر آر کے ڈی ویکوویف نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو ان کی جگہ ایوارڈ پیش کیا ۔
تقریب سے انٹرنیشنل چیس فیڈریشن کے صدر آر کے ڈی ویکوویف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کے 10ہزار سرکاری سکولوں کے 60لاکھ بچوں کو اس گیم تک رسائی کا موقع دیا جائے گا ۔ فیڈریشن اساتذہ کی تربیت اور معاونت کریں گے جو بچوں کو تربیت دیں گے ۔ انٹر نیشنل چیس فیڈریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر دانا ریزنینس اوزولا ، ایشیئن چیس فیڈریشن کے صدر شیخ سلطان بن خلیفہ بن النیہان اور پاکستان چیس فیڈریشن کے صدر محمد حنیف قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔