لاہور(نیوز پلس) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا کہ پی ایم ایل (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی جانب سے انہیں عدالت لے جانے کا وعدہ لگتا ہے کہ آصف زرداری کو گھسیٹنے والے دعویٰ کی طرح ہی نکلا۔معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتظار میں ہیں، کب شہباز شریف انہیں عدالتوں میں گھسیٹتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ان پر کیس کرنے کی جرات نہیں کر سکتے۔ کئی مہینے گزر گئے، ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہ ہونا سٹوری کی تصدیق ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ نے ایک سال میں کتنے بیرونِ ملک دورے کئے اور لوٹی ہوئی کتنی دولت واپس لائے؟ اس کا جواب دیں۔انہوں نے نیب سے مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر کے خلاف ریفرنس بنائے۔ ڈیلی میل والے شہزاد اکبر کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ جھوٹی خبر چھپوانے کے بعد شہزاد اکبر لاپتا ہو گئے تھے۔ وہ سرکاری خرچ پر جھوٹے کاغذ لہرانے کے الزامات لگانے کا جواب دیں۔