موسمیاتی تبدیلی پورے انسانی نظام کے لئے خطرہ ہے: مرتضیٰ سولنگی
خاور عباس شاہ
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پورے انسانی نظام کے لئے خطرہ ہے ،موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہم غیر محفوظ ملک ہیں۔
اسلام آباد میں "پری کاپ28” سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے، آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنا ہو گا، موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے لئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کرہ ارض موسمیاتی تبدیلی کے خطروں سے دوچار ہے، حکومت یا کوئی محکمہ تنہاء اس مسئلے کو حل نہیں کر سکتا، ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے اسٹریٹجک وژن کی ضرورت ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ہمیں بہت سے معاشرتی مسائل کا سامنا ہے، جب تک ہم معاشرے میں تبدیلی نہیں لائیں گے، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نہیں نمٹ سکتے۔
نگراں وزیر نے کہا کہ والدین، اساتذہ اور دیگر طبقوں کو موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کو زیرِ بحث لاناہو گا، ہمیں پورے سسٹم کو تبدیل کرنا ہو گا، میڈیا کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، موسمیاتی تبدیلی کے تدارک کے لیے شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پورے انسانی نظام کے لئے خطرہ ہے ،موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہم غیر محفوظ ملک ہیں، اگرچہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات میں ہمارا کردار نہیں لیکن اس کی تباہی سے سب سے زیادہ ہم متاثر ہوئے ہیں۔