اسلام آ باد (نیوز پلس)آزاد کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے کے باعث 2 بچوں سمیت 19 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔
زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر میرپور ہوا، جہاں زخمیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث مقامی اسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی ہے جس کے باعث اسپتالوں کے باہر میٹریس بچھا کر زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال کی طرف تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 10 کلو میٹر تھی، شام 4 بج کر ایک منٹ پر آنے والے زلزلے کے بعد 4 بج کر 49 منٹ پر 3 اعشاریہ 4 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا۔زلزلے کی وجہ سے سب زیادہ نقصان آزاد کشمیر کے علاقے میرپور ہوا میں جہاں زلزلے کے باعث عمارتیں زمین بوس ہوئیں جس کی وجہ سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے زلزلہ اتنا شدید تھا کہ سڑکوں میں بڑے بڑے شگاف پڑ گئے جس کی وجہ سے کئی گاڑیاں الٹ کر گڑھوں ما جا گری، میرپور سے جاتلاں جانے والے روڈ کا دو کلومیٹر حصہ ٹوٹ کر نہر میں گرچکا جس کے باعث ملحقہ دیہات میں پانی داخل ہوگیا، مزید نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
زلزلے سے عمارتوں اور سڑکوں کو نقصان پہنچنے کے باعث علاقے میں بجلی اور ٹیلی فون کا نظام بھی متاثر ہوگیا ہے۔ جبکہ متعدد علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج نے متاثرہ علاقو ں میں پہنچ کر امدادی کام فوری شروع کر دیئے ہیں پنجاب میں راو لپنڈی خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی، منڈی بہاء الدین، ملتان، اوکاڑہ، قصور، خانیوال، گجرات، کامونکی، مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، ساہیوال، پتوکی، چونیاں، پاکپتن، دیپالپور، حجرہ شاہ مقیم، نارنگ منڈی اور سیالکوٹ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ان علاقوں سے فی الحال کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔خیبرپختونخوا میں پشاور، چارسدہ، سوات، خیبر، ایبٹ آباد، باجوڑ، نوشہرہ، مانسہرہ،بٹ گرام، تورغر، شانگلہ، بونیر، دیر،اپر دیر، لوئر،چترال، مالاکنڈ اور کوہستان میں بھی زلزلے کی جھٹکے محسوس کیے گئے مگر کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔