اسلام آباد(نیوز پلس)عالمی تنظیم او آئی سی نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر ایک مرتبہ پھر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیلی بھارت کا یکطرفہ اقدام ہے۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کی خصوصی حیثیت تسلیم کرتے ہیں۔عالمی تنظیم کا کہنا تھا کہ او آئی سی یقین رکھتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل یو این قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے، او آئی سی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کرتا ہے۔او آئی سی کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ، موبائل فون، لینڈ لائن سمیت دیگر سہولیات کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اور بھارت پائیدار مذاکرات کریں۔ یہ مذاکرات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئیں۔ مذاکرات کے ذریعے ہی خطے میں امن و استحکام قائم رہ سکتا ہے۔