مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے گی، بلاول بھٹو زرداری
بلاول بھٹو زرداری نے”آئی ورک فار سندھ ڈاٹ کام” ایپ کا افتتاحی تقریب سئ خطاب
جعفر ایکسپریس ہائی جیک کے بعد ہماری سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بہادری سے شکست دی، جس پر وہ پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،چیئرمین پیپلزپارٹی
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کی جانب سے بے روزگار نوجوانوں کے لیے تیار کردہ "آئی ورک فار سندھ ڈاٹ کام” ایپ کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب وزیر اعلی ہاس سندھ کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزرا، معاونین خصوصی، مشیر، ترجمان، بزنس کمیونٹی کے افراد، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جعفر ایکسپریس ہائی جیک کے بعد ہماری سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بہادری سے شکست دی، جس پر وہ پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے گی اور سندھ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں نئے کنالز کے معاملے پر واضح موقف اختیار کیا گیا ہے اور سندھ کے عوام روزگار کے مزید مواقع چاہتے ہیں، تاہم سرکاری نوکریاں محدود ہونے کی وجہ سے حکومت اب ان ڈائریکٹ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کے ساتھ خواتین کو مالکانہ حقوق بھی دیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں مالی استحکام حاصل ہو سکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نجی شعبہ زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے، اس لیے وہ اس پلیٹ فارم کا حصہ بنیں اور سندھ کے ہنر مند نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی یوتھ ونگ اور پی ایس ایف اس ایپ کی تشہیری مہم چلائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے سندھ کے عوام کو یہ خوشخبری بھی دی کہ اب وہ آکسفورڈ سمیت دنیا کی دیگر بڑی جامعات سے بھی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، جو خوش آئند ہے، اور حکومت جدید ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنائے گی۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے جاب پورٹل لانچ کر دیا ہے، جس پر صوبے کے نوجوان اپنی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم پر ملازمت فراہم کرنے والے اور روزگار کے متلاشی ایک جگہ اکٹھے ہوں گے، جس سے صوبے میں ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نوکری فراہم کرنے اور تلاش کرنے والے تمام افراد سے گزارش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس پورٹل پر رجسٹریشن کروائیں۔
وزیر اعلی نے بتایا کہ ایک سے چار گریڈ کی نوکریوں کے اشتہارات بھی اس پورٹل پر دیے جائیں گے، جبکہ پانچ سے پندرہ گریڈ کی ملازمتیں آئی بی اے کے ذریعے دی جاتی ہیں تاکہ مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل کو عارضی ملازمتوں سے بھی منسلک کیا جائے گا تاکہ مختلف منصوبوں میں عارضی طور پر کام کرنے والے افراد کو بھی مواقع میسر آ سکیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور ہم اپنی کارکردگی سے صوبے کے لوگوں کی مزید خدمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جن میں سے 8 لاکھ سے زائد مکمل ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے بنائے گئے گھروں کو کسی ملک کے برابر شمار کیا جائے تو وہ دنیا کے 800 ممالک سے بڑا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس جاب پورٹل کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور اس کی تشہیر کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور یہی وجہ ہے کہ سندھ حکومت نے یہ جاب پورٹل متعارف کرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے نہ صرف پڑھے لکھے بلکہ ہنر مند افراد بھی اپنی سی وی اپلوڈ کر سکیں گے، تاکہ انہیں ان کی صلاحیتوں کے مطابق روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے نجی شعبے کے اداروں سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ وہ بھی اس پورٹل کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر نوجوان سرکاری ملازمتوں کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پیپلز ہاسنگ اسکیم جیسے بڑے منصوبے بھی روزگار پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف منصوبوں کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے، اور اس پورٹل کے ذریعے نہ صرف سرکاری بلکہ نجی شعبے میں بھی ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جاب پورٹل کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا گیا ہے، اور یہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا ایک اہم حصہ ہے۔
انہوں نے جاب پورٹل کے قیام کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بے روزگار نوجوانوں کو نہ صرف روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے بلکہ نجی اور سرکاری شعبے میں ملازمتوں کے لیے درخواست دینا بھی آسان ہو جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ مواقعوں کی سرزمین ہے، جہاں ٹیلنٹ اور ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت میں صوبے نے بے مثال ترقی دیکھی ہے، اور اس جاب پورٹل کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاب پورٹل کے ذریعے ہنرمند نوجوانوں کو ان کی قابلیت کے مطابق ملازمتیں فراہم کی جائیں گی، اور یہ پورٹل روزگار کی تلاش میں سرگرداں افراد کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہو گا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کی بہتری کے لیے کام کرتی رہے گی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جاب پورٹل سندھ کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے ایک امید کا چراغ ہے، جس کے ذریعے نہ صرف سرکاری بلکہ نجی شعبے میں بھی روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔