محمد عامر کا بھی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان
فاسٹ باؤلر محمد عامر نے دسمبر 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا
زندگی ہمیں ایسے موڑ پر لے آتی ہے جہاں کبھی کبھار ہمیں اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنا پڑتی ہے، بیان
پی سی بی انتظامیہ کے مبینہ ناروا سلوک کو بنیاد بنا کر 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے 4سال بعد اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ واپس لے کر ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لیے دستیابی ظاہر کردی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں عامر نے کہا کہ میں اب بھی پاکستان کے لیے کھیلنے کا خواب دیکھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ زندگی ہمیں ایسے موڑ پر لے آتی ہے جہاں کبھی کبھار ہمیں اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنا پڑتی ہے۔انہوں نے کہاکہ میرے اور پی سی بی کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی ہے جہاں انہوں نے احترام کے ساتھ مجھے یہ احساس دلانے کی کوشش کی انہیں میری ضرورت ہے اور میں پاکستان کے لیے مزید کھیل سکتا ہوں۔
محمد عامر نے کہا کہ اپنے خاندان اور خیر خواہوں سے مشاورت کے بعد میں آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ میں یہ اپنے ملک کے لیے کرنا چاہتا ہوں کیونکہ ملک میرے ذاتی فیصلوں سے بالاتر ہے، سبز جرسی پہننا اور اپنے ملک کی خدمت کرنا ہمیشہ سے میری سب سے بڑی خواہش رہی ہے، اور رہے گی۔