مجھے پاکستانی اور مسلمان ہونی کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے، میئرلندن
رشی سونک اور ان کی کابینہ مجھ پر الزامات لگانے والے کو نسل پرست کہنے سے خوفزدہ ہیں، صادق خان
لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ انہیں پاکستانی اور مسلمان ہونیکی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے اور 2016 میں زیک گولڈ اسمتھ نے ان کے خلاف اسلاموفوبک حملوں کی بنیاد رکھی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میئر لندن نے کہا کہ زیک گولڈ اسمتھ نے میرے خلاف پاکستانی اور مسلمان ہونے پرنسل پرستانہ مہم چلائی، میڈیانے میرے خلاف چلنے والی اسلاموفو بک مہم کا بھانڈا پھوڑا تھا۔صادق خان نے کہا کہ لندنستان اور مسلم سلیپر سیل جیسے الفاظ کا استعمال خطرناک ہے، مسلمان معاشرے کا حصہ ہیں وہ معاشرے میں قبولیت کے لیے اورکیا کریں، رشی سونک اور ان کی کابینہ مجھ پر الزامات لگانے والے کو نسل پرست کہنے سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رشی سونک اور دیگر اسلامو فوبک کا لفظ استعمال ہی نہیں کرتے، 2016 کی طرح پھر میرے خلاف نسل پرستانہ مہم شروع کردی گئی ہے، مجھے مسلمان اور پاکستانی کہہ کر لوگوں کو ووٹ دینیسے ڈرایا جائے گا،
صادق خان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف مہم چلانے والوں میں مرکزی دھارے کے سیاستدان شامل ہیں، سویلا بریوربتائیں کہ مسلمان کون سے شعبوں پر قابض ہوئے ہیں، نسل پرستی دیکھ کر سیاست سے دور نہ ہوں بلکہ اس کا حصہ بنیں۔
میئر لندن نے کہا کہ مشکلات کے باوجود لندن میں جرائم کی وارداتوں کو نیچے لائے ہیں۔