لاہور(نیوز پلس) انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ سمیت چھ ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی، منشیات برآمدگی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر رانا ثنائاللہ سمیت دیگر ملزمان کو اینٹی نارکوٹکس عدالت پیش کیا گیا۔اے ا ینٹی ناکوٹکس فورس کی جانب سے رانا ثنااللہ کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی گئی،جس پر عدالت نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی سی ڈیز تمام ملزمان کو فراہم کیں،ثنائاللہ کے دستخط کے بعد سی ڈیز سیل بند کردی گئی۔بعد ازاں عدالت نے رانا ثنااللہ سمیت تمام ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کرتے ہوئے اٹھائیس اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ساتھ ہی آئندہ سماعت پر اے این ایف حکام کو ہر صورت کیس کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم صادر کیا،خصوصی عدالت نے رانا ثنائاللہ کی درخواست ضمانت پر اے این ایف کو اٹھائیس اگست کیلئے نوٹسز جاری کردیئے ہیں جبکہ اثاثہ جات منجمند کرنے کی درخواست پر سماعت سات ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں رانا ثنائاللہ نے کہا کہ حکومت جتنے مرضی ظلم و زیادتی کرلے،ہمارے حوصلے بلند ہی رہیں گے۔فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ کے خلاف سیاسی انتقام کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا،کیس کے مکمل ثبوت فراہم نہیں کئے جا رہے۔