لاہور (نیوزپلس) منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ کے اہم رہنماء حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بینچ نے کی۔
نیب کی طرف سے اسپیشل پراسیکیوٹر سید فیصل رضا بخاری پیش ہوئے جبکہ حمزہ شہباز کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ایک کروڑ کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں ایڈووکیٹ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز 20 ماہ سے ناحق قید کاٹ رہے تھے، 20 ماہ میں حمزہ شہباز سے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی، آج حق و سچ کی فتح ہوئی ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات ملنے کے بعد حمزہ شہباز کی رہائی کے حوالے سے اقدامات کریں گے۔