لاس اینجلس: 5 دن بعد بھی آگ بے قابو، ہلاکتیں 16ہو گئیں، خالی گھروں میں لوٹ مار

لاس اینجلس: 5 دن بعد بھی آگ بے قابو، ہلاکتیں 16ہو گئیں، خالی گھروں میں لوٹ مار
آگ مزید 1000ایکڑ رقبے پر پھیل گئی، اور مزید گھروں کو جلا کر راکھ کر دیا

لاس اینجلس:  امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں 5 دن بعد بھی آگ پر  قابو نہ پایا جاسکا۔ آگ کو مشرقی علاقے کی طرف پھیلنے سے روکنے کے لئے جہازوں سے پانی ڈالا جا رہا ہے جبکہ حکام نے کہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے جبکہ رات کے اوقات میں لوٹ مار کی وارداتوں کے باعث متاثرہ علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ۔

 لاس اینجلس میں پیلیسیڈس کے جنگل کی آگ کے مشرق کی طرف پھیلنے کو روکنے کے لئے ہوائی جہاز نے پہاڑیوں پر پانی اور آگ بجھانے والے مادے گرائے۔ 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا کے تھپیڑوں کے دوران آگ بجھانے کی کوششیں بھی تیز کی گئیں۔حکام کو خدشہ ہے کہ علاقے میں چلنے والے تیز ہوائیں صورتحال کو مزید گھمبیر بنا سکتی ہیں۔

 حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیلیسیڈس کی آگ مزید 1000ایکڑ رقبے پر پھیل گئی، اور مزید گھروں کو جلا کر راکھ کر دیا۔علاقائی حکام نے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے اور دھوئیں کے باعث دور دراز علاقوں میں بھی ہزاروں افراد کو اپنے گھر چھوڑنا پڑے ہیں۔قبل ازیں کیل فائر کے اہلکار ٹوڈ ہاپکنز نے ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ پیلیسیڈس کی آگ کے 11 فیصد حصے پر اب قابو پایا جا چکا ہے اور اس نے22000 ایکڑ سے زیادہ رقبے کو جلا دیا ہے۔ٹوڈ ہاپکنز نے کہا کہ پیلیسیڈس کی آگ مینڈیویل کینین محلے میں پھیل گئی تھی اور برینٹ ووڈ کی طرف بڑھ رہی تھی، جو ایک پوش ترین علاقہ ہے جہاں مشہور شخصیات رہائش پذیر ہیں۔

امریکہ کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سانتا اینا کی تیز ہوائیں صورتحال کو خراب کر سکتی ہیں جو پیش گوئی کے مطابق لاس اینجلس اور وینٹورا کائونیٹز میںمنگل کی صبح تک، 30 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی اور کسی وقت 70 میل فی گھنٹہ بھی ہو سکتی ہیں۔

نیشنل ویدر سروس کے ماہر موسمیات روز شوئن فیلڈ نے بتایا کہ ہم بدھ تک شدید موسمی صورتحال کی وجہ سے آگ کے مسلسل بڑھنے کے خدشے کا شکار ہیں تاہم جمعرات تک حالات کے معتدل ہونے کی توقع تھی۔

کیلیفورینیالاس اینجلس - آگ
Comments (0)
Add Comment