قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا اقتدار میں آکر مہنگائی ختم کرنے کا وعدہ

قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا اقتدار میں آکر مہنگائی ختم کرنے کا وعدہ

نوازشریف، ن لیگ وہ جماعت ہے جس نے آپ کی حقیقی خدمت کی، مریم نواز

قائد مسلم لیگ (ن) و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آئے گی تو اس مہنگائی کو مٹائے گی۔ ہم بجلی روٹی سب سستا کریں گے، گیس گھر گھر ملے گی۔بورے والا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے بعد آپ لوگوں سے مل رہا ہوں، اتنے سال آپ لوگوں سے نہ ملنے پر اداس ہوگیا تھا، اتنے عرصے بعد آپ لوگوں سے دوبارہ ملنے پر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وہ وقت یاد آتا ہے جب روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، آج 25 روپے کی روٹی ملتی ہے، یہ ہے تبدیلی، اس تبدیلی کی وجہ سے روٹی مہنگی ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کردی تھی، اس وقت جو بل 500 روپے کا آتا تھا وہ آج 20 ہزار روپے کا آتا ہے، آج روٹی، گھی، چینی، آٹا سب مہنگا ہوگیا ہے،

انہوں نے وعدہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) آئے گی تو اس مہنگائی کو مٹائے گی، ہم بجلی روٹی سب سستا کریں گے، گیس گھر گھر ملے گی۔نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے نواز شریف نے دریافت کیا کہ کتنے نوجوان ہیں جن کے پاس روزگار نہیں ہے؟ یہ بہت ہی افسوس کی بات ہے، اگر مجھے نہ نکالا جاتا، اگر بیٹے سے تنخواہ نا لینے پر حکومت نا ختم کی جاتی تو کوئی بھی نوجوان یہاں بے روزگار نہیں ہوتا، سب خوشحال ہوتے، گھر گھر چراغ جل رہے ہوتے۔

سابق وزیر اعظم نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑی ماری ہے، اس کے ساتھ زیادتی کی ہے۔نواز شریف نے دریافت کیا کہ آج یوریا کتنے کا ملتا ہے؟ ہمارے دور میں یوریا 1200 روپے کا تھا اور آج 5 ہزار کا ہوگیا ہے، یہ ہے تبدیلی کا نتیجہ، میرے دور میں ٹریکٹر 9 لاکھ روپے کا تھا آج یہ 38 لاکھ کا لیکن ہم پاکستان کو مہنگائی اور بے روزگاری سے واپس لائیں گے اور یہاں کے حالات کو اتنا اچھا بنائیں گے کہ ہر گھر میں بہترین روزگار ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ بورے والا میں ہائی وے بنائی جائے گی اور عین ممکن ہے کہ ایئرپورٹ بھی بنایا جائے گا، مزید کہا کہ اگر تہمینہ دولتانہ یہاں سے کامیاب ہوئی تو یہاں میڈیکل کالج بھی دیں گے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انشااللہ بورے والا کو ضلع بھی بنایا جائے گا۔

 

اس موقع پر مسلم لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) آج ہفتے کو اپنا منشور پیش کر ے گی، ہمارا منشور بالکل واضح ہے، موٹرویز کا جال، ہسپتال ٹھیک کرنا، اسکول بنانا، روزگار دینا، مہنگائی کم کرنا ہمارا منشور ہے۔ 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر کامیاب کرائیں تاکہ ملک خوشحالی کی طرف گامزن ہو،

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی صاحبزادی و سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج میں پہلی بار یہاں آئی ہوں لیکن جیسے آپ نے ہمارا استقبال کیا اس پر آپ سب کا شکریہ۔انہوں نے کہا کہ یہاں سے جتنے بھی امیدوار مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں ان سب کو ووٹ دیں تاکہ ہم سب دن رات آپ کی خدمت کرسکیں۔مزید کہنا تھا کہ آج کل تمام مخالف جماعتیں پنجاب میں آکر ووٹ مانگ رہی ہیں لیکن ان کو جلسہ کرنے میں مشکل پیش آرہی ہیں کیونکہ جہاں بھی وہ جلسہ کرتے ہیں وہاں آگے پیچھے،دائیں، بائیں صرف مسلم لیگ (ن) کے ہی منصوبے نظر آرہے ہوتے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے بتایا کہ ہمیں بورے والا کے سامنے اپنے منصوبے پیش کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ آپ سب یہ جانتے ہیں، اگر ملک میں کوئی بھی قابل ذکر منصوبہ ہے تو اس میں صرف اور صرف نواز شریف کا نام لکھا ہے، صرف مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں گئی ہے باقی تمام جماعتیں صرف نواز شریف پر تنقید کر رہی ہیں تو جب کام کیا ہوتا ہے تو تنقید کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ؟

مریم نواز نے بتایا کہ مجھے تو کسی پر تنقید یاد ہی نہیں آئے گی، میں اگر مسلم لیگ(ن) کی کارکردگی بتانا شروع کروں تو کل شام کے 4 بج جائیں گے۔بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آکر نواز شریف پر تنقید کر رہے ہیں اور جہاں سے آئیں ہیں وہاں کے اسکولوں میں بچوں کے بجائے مویشی بندھے ہوئے ہیں تو کیا آپ لوگوں کو یہ والی ترقی چاہیے؟

مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کی ماری عوام نواز شریف کو اس لیے آواز دے رہے ہیں کیونکہ کوئی آیا اور انتقام لے کر چلتا بنا، کوئی آیا اور گالی گلوچ کر کے چلتا بنا، جیلوں میں پھینک کے چلتا بنا لیکن صرف نواز شریف نے آپ کی حقیقی خدمت کی ہے، پوری پاکستان میں اگر ایسا کوئی لیڈر ہے جس کو آپ کی فکر ہے تو وہ نواز شریف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پیچھے اللہ کا فضل ہے، مسلم لیگ(ن) واحد جماعت ہے جس نے جنوبی پنجاب کی دل سے خدمت کی ہے، بہت لوگ آئے اور جنوبی پنجاب کو بیوقوف بنا کر چلے گئے۔

مزید کہا کہ عثمان بزدار وزیر اعلی پنجاب بنے تو کوئی انہیں جانتا تک نہیں تھا، وہ کہتے تھے کہ میں یہاں پر پنجاب کا شہباز شریف لگا ہوا ہوں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کل جب وہ اورنج ٹرین سامنے سے گزری تو کہا دیکھو نوازشریف کا منشور جارہا ہے، پنجاب میں آکر نوازشریف پر تنقید کرتے ہیں، جہاں سے آئے ہیں وہاں اسکولوں میں مویشی بندھے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف، ن لیگ وہ جماعت ہے جس نے آپ کی حقیقی خدمت کی، باقی سیاسی جماعتوں نے جنوبی پنجاب میں صرف سیاست کی ہے، کوئی لیڈر ہے جسے دن رات آپ کی فکرہے تو وہ نوازشریف ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ ہفتے کو ہم اپنا منشور پیش کریں گے، ہمارا منشور بالکل واضح ہے، موٹرویز کا جال، ہسپتال ٹھیک کرنا، اسکول بنانا، روزگار دینا، مہنگائی کم کرنا ہمارا منشور ہے۔مزید کہا کہ 8 فروری کو سب نے نکلنا ہے، پولنگ اسٹیشن پر جانا ہے اور ووٹ ڈالنا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن )سابق وزیراعظم نوازشریفمریم نواز
Comments (0)
Add Comment