فیفا ورلڈ کپ2022 کے سنسنی خیز مقابلے جاری
دوہا "قطر” (نیوزپلس/ ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں گروپ بی کا میچ امریکہ اور ویلز کے درمیان دلچسپ مقابلے کے بعد ایک، ایک گول سے برابر رہا، امریکہ کی جانب سے ٹموتھی ویا نے جبکہ ویلز کی طرف سے کپتان گریتھ بیل نے گول کئے۔
الریان کے احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں امریکہ کی ٹیم ویلز کے مقابلے میں زیادہ متحرک دکھائی دی، وقفے وقفے سے اُس نے حریف گول پر حملے کیے مگر اُس کو کامیابی 36 ویں منٹ میں اُس وقت ملی جب پولی چچ کے پاس پر ٹموتھی ویا نے ہیڈر کے ذریعے گیند ویلز کے جال میں پہنچائی۔
ہاف ٹائم پر امریکہ کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی امریکہ کا ویلز پر دباؤ جاری رہا تاہم اس ہاف میں ویلز کی ٹیم بھی کچھ منظم دکھائی دی اور اُن کے کھلاڑیوں نے بھی امریکی گول پر حملے کیے۔
کھیل کے 82 ویں منٹ میں ویلز کے کپتان کے خلاف فاؤل ہوا جس کی وجہ سے ریفری نے اُن کو پنالٹی ایوارڈ کی اور گیرتھ بیل نے ورلڈ کپ میں اپنا پہلا گول بنا دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا اختتام ایک، ایک کے اسکور پر ہوا۔
ادھر عالمی نمبر 10 ڈنمارک اور نمبر 30 تیونس کے درمیان میچ بھی برابر ہوگیا۔ ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے گروپ ڈی کے اس مقابلے میں یورپی ٹیم کو فیوریٹ قرار دیا جارہا تھا۔ توقع کے برعکس دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ہاف 0-0 پر اختتام پذیر ہوگیا۔
جس کے بعد دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی لیکن ایک دوسرے کے دفاع کو توڑنے میں ناکام رہیں۔
پہلے 45 منٹ کے بعد دوسرے 45 منٹ میں بھی گیند کو جال کی راہ نہ مل سکی اور میچ 0-0 پر ہی اختتام پذیر ہوگیا۔