راولپنڈی (نیوزپلس) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کی پاکستانی عوام کی سیکیورٹی ،تحفظ اور فلاح ہماری ذمہ داری ہے ۔ سپہ سالار نے کشمیری عوام سے یکجہتی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عید پر کشمیر میں جدوجہد کرنے والے بہادر کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہئے،اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیر میں انسانی المیے کو ختم کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے ایل او سی پر تعنیات جوانوں سے خطاب میں کیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے عید لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں کے ساتھ گزاری اور ان کے جذبے کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور ایل او سی پر تعینات فوجیوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان میں امن و استحکام کے لیے دعا کی اور جوانوں کی لگن، جذبے اور پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف نےکورونا کی روک تھام کے لیے فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر اقدام کرے گی، پاکستانی عوام کی سکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمے داری ہے۔