عمران خان کا ٹوئٹ ایسے شخص کا ہے جو پاکستان کی تباہی چاہتا ہے، راجہ پرویز اشرف
خدا کا خوف کریں، آپ لوگ پہلے سیاست سیکھیں، بلاول نے آپ سے سوال کیا کہ جو ٹوئٹ آیا اس کی تحقیق ہونی چاہیے،عمر ایوب ماضی کی بات کرتے ہیں تو یاد رکھیں، آپ کے دادا نے ملک ٹوٹنے کی بنیاد رکھی، پاکستان کے عوام نے آپ کے دادا کو اقتدار سے باہر نکالا، رہنما پیپلز پارٹی
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ٹوئٹ کسی ایسے شخص کا ہے جو پاکستان کی تباہی چاہتا ہے، کیا کوئی محب وطن ایسا ٹوئٹ کر سکتا ہے؟،خدا کا خوف کریں، آپ لوگ پہلے سیاست سیکھیں، بلاول نے آپ سے سوال کیا کہ جو ٹوئٹ آیا اس کی تحقیق ہونی چاہیے،عمر ایوب ماضی کی بات کرتے ہیں تو یاد رکھیں، آپ کے دادا نے ملک ٹوٹنے کی بنیاد رکھی، پاکستان کے عوام نے آپ کے دادا کو اقتدار سے باہر نکالا۔
ہفتہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میں بھی سمجھنے پر مجبور ہوگیا کہ جس نے ٹوئٹ کی ہے وہ ملک میں امن نہیں چاہتا، خدا کا خوف کریں، آپ لوگ پہلے سیاست سیکھیں، بلاول نے آپ سے سوال کیا کہ جو ٹوئٹ آیا اس کی تحقیق ہونی چاہیے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عمر ایوب آج ماضی کی بات کرتے ہیں تو یاد رکھیں، آپ کے دادا نے ملک ٹوٹنے کی بنیاد رکھی، پاکستان کے عوام نے آپ کے دادا کو اقتدار سے باہر نکالا، آپ کے دادا نے ملک میں جمہوریت کو تباہ کیا، بلاول کے نانا نے تو جمہوریت کیلئے جان تک قربان کردی، ٹوٹے ہوئے ملک کو آئین دیا، عوام کو ووٹ کا حق دیا، ہر جگہ آپ کو بھٹو کے نقش نظر آئیں گے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ بلاول کی باتوں پر اپوزیشن لیڈر کا جو ردعمل آیا اس کی توقع نہیں تھی، قائدحزب اختلاف اتنے ہی قابل عزت ہیں جتنے قائد ایوان، میں چند دن سے سمجھ رہا تھا کہ ہم بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔