عمران خان کا جیل بھرو تحریک کا اعلان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو پیغام دیا کہ میرے سگنل کا انتظار کریں جلد کال دوں گا آپ تیاری کر لیں ۔
ویڈیو لنک خطاب میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 75 سال کے شیخ رشید کو ہتھکڑیاں لگا کر لاک اپ میں رکھا گیا، میرے اوپر اس وقت 60 سے زائد مقدمات درج ہیں، ہمیں ڈرانے دھمکانے کا مقصد میدان سے ہٹانا ہے، تاکہ لندن سے بھاگا بھاگا ایک شخص آئے اور الیکشن جیت سکے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ شہباز گل کو ننگا کر کے تشدد کیا گیا، اس پر اب بھی تشدد کے اثرات ہیں، اعظم سواتی نے پیٹرول پمپ پر جھاڑو دے کر پیسہ بنایا، اسے ایک ٹوئٹ پر گرفتار کرکے تشدد کیا گیا، شندانہ گلزار نے ایسا کیا کر دیا کہ اسے دہشتگرد بنا دیا، کوئی بیان دیا ہے تو آپ اسے مسترد کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کے حامیوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پکڑ دھکڑ سے ڈرنے والے نہیں، سازش کے تحت مسلط ہونے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، کون سی قیامت آئی کہ معیشت ڈوبنے کے قریب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسلامی فلاحی ریاست کی بات کی، مدینہ کی ریاست کی بنیاد عدل اور انصاف تھی، پاکستان کا قیام لوگوں کا خواب تھا، تحریک پاکستان کے وقت بڑے لوگوں کی قربانیاں تھیں، جدھر انصاف ہے ادھر این آر او نہیں، جدھر انصاف ہے وہاں ظلم نہیں ہے، جو قوم اپنے نظریے سے ہٹ جاتی ہے وہ مر جاتی ہے، سازش کے تحت مجرموں کی حکومت ہم پر نافذ کی گئی، اگر ہم نہیں جاگیں تو ہم سب ذمہ دار ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت اوورسیز پاکستانی ہیں، 10 ملین اوورسیز پاکستانی ہیں، ڈالر 178 روپے کا تھا، ہمارے 3 سال 8 ماہ میں صرف 55 روپے ڈالر مہنگا ہوا، اس ایک ہفتے میں 50 روپے ڈالر مہنگا ہوا، سب چیزیں مزید مہنگی ہوتی جا رہی ہیں، کون سی قیامت آئی تھی کہ معیشت ڈوبنے کے قریب ہے، کس وجہ سے یہ مہنگائی کا طوفان آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ریزرو ساڑھے 500 ارب ڈالر ہیں، ہمارے ریزرو 3 ارب ڈالر سے بھی نیچے گر گئے ہیں، امپورٹڈ حکومت کے امپورٹڈ وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہیں، اسحاق ڈار نے پہلے آئی ایم ایف کو دھمکیاں دیں، اب اپنے گھٹنے ٹیک لیے ہیں، ان کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں، آگے جانے کا راستہ ان کو نہیں معلوم۔
عمران خان نے کہا کہ مارشل لا میں بھی ایسا ظلم نہیں ہوا، شہباز گل کو برہنہ کر کے تشدد کیا گیا، شہباز گل پر جتنا تشدد کیا گیا ابھی تک اس پر اثرات ہیں، شہباز گل امریکا سے پاکستان کی مدد کرنے آیا تھا، غدار، دہشت گردوں سے تو ایسا رویہ ہو سکتا ہے سیاسی لوگوں کے ساتھ ایسا کیوں؟
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ان کوملک کے برباد ہونے کی کوئی فکر نہیں، ان کا پاکستان میں کوئی اسٹیک نہیں، یہ پھر بیرون ملک بھاگ جائیں گے، ہمیں فکر ہے اگر ملک نہیں تو ہم نہیں ہیں، ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی بارے انہوں نے کہا کہ جب ہم وفاق میں تھے تب اس طرح کی دہشت گردی کیوں نہیں تھی، اس وقت توہماری حکومت نہیں دہشت گردی آپ کی نااہلی کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں ایسی نگران حکومت نہیں بنائی گئی، ایسی نگران حکومت بنا کر ملک کا مذاق بنایا گیا، نگران حکومت میں تحریک انصاف کے سارے اینٹی لوگوں کو لگایا گیا، تحریک انصاف کو کمزور، جیلوں میں ڈال کر انہوں نے الیکشن کرانے کا پلان بنایا ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ منصوبہ یہ تھا کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے، بولنے والوں کے منہ بند کیے جائیں، سارا ملک عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے، امید ہے عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی، قوم تماشہ دیکھ رہی ہے کہ 90 دن میں الیکشن ہوں گے یا نہیں؟