لاہور(نیوز پلس)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نواز شریف کی صحت بارے وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ کو مگرمچھ کے آنسو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا ٹویٹ پاکستانی قوم کی جھوٹی ہمدردی حاصل کرنے کا محض ڈرامہ ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھ کے ہمدردی کے ٹویٹ کے ڈرامے نہ کریں۔ سیاسی اختلافات ایک طرف لیکن ٹویٹ جاری کرکے عمران خان ضمیر کی خلش مٹانے کی کوشش نہ کریں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ نواز شریف کو اذیت دینے اور ذہنی دباؤ کے لئے عمران خان نے مریم نواز کو دوبارہ جیل بھجوایا۔عمران خان آج تک آپ کے کرائے کے ترجمانوں کی زہریلی جھوٹی زبان بند نہیں ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی اس حالت کے ذمہ دار آپ ہیں اور آپ کو بخوبی یہ بات معلوم ہے۔ آپ نے سیاسی انتقام میں اندھے ہو کر وہ تمام اقدامات کئے جس سے نواز شریف کی جان خطرے سے دوچار ہوئی۔