کراچی(نیوز پلس) کراچی کے تمام نالوں کا کچرا صاف کیا جائے گا۔ صفائی مہم کیلئے کوئی چندہ مانگنے آئے تو نہ دیں، ایف آئی آر کٹوائیں۔وفاقی وزیر برائے آبی وسائل علی زیدی نے مئیر کراچی وسیم اختر کے ہمراہ ہجرت کالونی نالے کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اِس موقع پر اب صاف ہوگا کراچی مہم کے بانی علی زیدی نے شہریوں سے اپیل بھی کی کہ صفائی مہم کیلئے کوئی چندہ مانگنے آئے تو نہ دیں بلکہ ایف آئی آر کٹوائیں۔ بولے شہر کے تمام نالوں کا کچرا صاف کیا جائے گا۔ یہ صفائی مہم کراچی کی ہے علی زیدی یا مئیر کی نہیں۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ نالے صاف کرنے کا کام شروع ہوچکا ہے۔ گجر نالے سے لوگوں نے کبھی پانی بہتے ہوئے نہیں دیکھا تھا لیکن اب صفائی کے بعد یہ ممکن ہوسکا ہے، علی زیدی نے چائنا کٹنگ کو پورے کراچی کا مسئلہ قرار دیا، علی زیدی نے محمودآباد نالے کا بھی دورہ کیا۔ بولے میں نے پہلی بار اِس نالے میں پانی کو بہتے ہوئے دیکھا ہے۔ بولے پہلے ہی بتادیا تھا کہ میں چائے پینے یا سموسہ کھانے نہیں آؤں گا۔