راولپنڈی(نیوز پلس)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف راولپنڈی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جمعہ کومسلم لیگ (ن) میٹروپولیٹن راولپنڈی کے صدر و سابق میئر سردار نسیم کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب،سینیٹر سعدیہ عباسی،ارکان قومی اسمبلی بیگم طاہرہ اورنگزیب،بیگم سیما جیلانی،زیب النساء اعوان،مسلم لیگ پنجاب کے نائب صدر راجہ عتیق سرور،سابق ارکان اسمبلی و پارٹی ٹکٹ ہولڈرزملک ابرار،ملک شکیل اعوان،حاجی پرویز خان،سجاد خان،اسامہ تنویر چوہدری،بیگم تحسین فواد،راجہ ارشد،مرزا منصور بیگ،لبنیٰ ریحان پیرزادہ،آزاد کشمیر اسمبلی کے وزیر احمد رضا قادری،چکلالہ کینٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ راجہ عرفان امتیاز،ایم ایس ایف پنجاب کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مقبول احمد خان،راجہ حبیب،ملک زبیر،یٰسین خان،شیخ ارشد،ڈاکٹر شفقت محمود،راجہ مقصودسمیت سابق یوسی چیئرمینوں،وائس چیئرمینوں،کونسلروں، مسلم لیگی عہدیداروں اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی،(ن)لیگی کارکنوں نے”قائد ہمارا نواز شریف،،۔”وزیراعظم نواز شریف،،۔”کشمیر بنے گا پاکستان،،۔”مریم نواز،شاہد خاقان عباسی،حمزہ شہباز،رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق کو رہا کرو،،۔”گو نیازی گو،،۔ ”مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے، کشمیر کا سودا، نا منظورکے نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ کے کارکنوں پرلاہور میں لاٹھی چارج اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب آخر کب تک ظلم کرتے رہو گے؟۔شریف فیملی کا کشمیر اور کشمیریوں سے تعلق ختم نہیں کیا جاسکتا، شریف فیملی کا کوئی مرد گرفتاری سے نہیں بچا تو اب خواتین اور بچوں کو گرفتار کرکے ڈھال بنانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے،اس قسم کے اوچھے اور غیر قانونی ہتھکنڈوں سے ہمیں ڈرایا اور دھمکایا نہیں جاسکتا،ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے،انہوں نے کہا کہ کفر کی حکومت چل سکتی ہے ظلم کی نہیں، آپ مریم نواز کی گرفتاری سے اپنی نالائقی اور نااہلی نہیں چھپا سکیں گے۔ عمران نیازی نازی سوچ اور فسطائی اقدامات کی علامت بن چکے ہیں،کوئی ریاستی جبر کارکنوں کو اپنی قیادت اور رہنماؤں سے یکجہتی سے نہیں روک سکتا،جمہوریت، قانون اور آزاد میڈیا کی مالا جپنے والوں نے بغل میں چھری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نالائق حکومت خود کو عوام کی عدالت سے بچانے کے لئے اپوزیشن پر جھوٹے مقدمات بنارہی ہے،نااہل حکمرانوں کی تحریک انتقام چلانے والوں کو ماضی کی طرح ایک بارپھر مایوسی اور شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔