سیکیورٹی فورسز کی قلات میں بڑی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب

سیکیورٹی فورسز کی قلات میں بڑی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب

این 25 پر دہشت گردوں کی قائم چیک پوسٹ کلیئر، بھاری مقدار میں اسلحہ و دھماکا خیز مواد برآمد

راولپنڈی : قلات کے قریب قومی شاہراہ این 25 پر دہشت گردوں کی جانب سے عوامی آمدورفت میں خلل ڈالنے اور مسافروں کو اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے قومی شاہراہ این 25 پر ایک چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں وہ مسافروں کو روک کر اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کی سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی گئی۔ فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے زیر قبضہ مقام کو کلیئر کیا اور وہاں سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ بازیاب ہونے والے افراد میں قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافر بھی شامل تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ کو عوام اور مسافروں کے لیے غیر محفوظ بنانے کی کوشش کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

سیکیورٹی فورسز - بلوچستان -
Comments (0)
Add Comment