سیکیورٹی فورسز کا ڈی آئی خان میں آپریشن، 2 خوارج ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار

سیکیورٹی فورسز کا ڈی آئی خان میں آپریشن، 2 خوارج ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار

دونوں ہلاک خوارج معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر کی گفتگو

راولپنڈی:   سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل (ڈی آئی) خان میں کارروائی کر کے معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دو خوارج کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے  خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں ایک خارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کیا گیا۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

 آئی ایس پی ارنے بتایا کہ یہ خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔اعلامیے کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلین اپ آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں۔

 صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے اور ایک کو گرفتار کرنے پر فورسز کو سراہا۔

 انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کلاچی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 2 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ قوم کی حمایت سے خوارجی دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔

پاک-سیکیورٹی-فورسز
Comments (0)
Add Comment