سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پرفتنہ الخوارج کی دراندازی ناکام بنادی، 4 خارجی ہلاک
توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی، خوارج کی جانب سے پاکستان کیخلاف دہشت گردی کیلئے اپنی زمین استعمال نہیں ہونے دے گی، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی، فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کا بہادر سپوت بھی جام شہادت نوش کر گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 دسمبر کی رات پاک افغان بارڈر پر خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کا پتہ چلایا، کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں خیبر سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان افغان عبوری حکومت سے مسلسل مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضہ کرتا چلا آیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، اور خوارج کی جانب سے پاکستان کیخلاف دہشت گردی کے لیے اپنی زمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔