سوڈان جنگ میں 20 ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں ، اقوام متحدہ

سوڈان جنگ میں 20 ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں ، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ :   اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سوڈان میں 16 ماہ سے جاری جنگی صورتحال کے نتیجے میں 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں،ملک کا انفراسٹرکچر بھی تباہی کا نقشہ پیش کررہا ہے۔

ایس پی اے کے مطابق عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذہانوم گبریسس نے دوروزہ دورے کے بعد پورٹ سوڈان شہر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد کا اعلان کیا، یہ شہر فوج کی حمایت یافتہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کا ہیڈ کوارٹر ہے۔

ٹیڈروس نے کہا کہ ہلاکتوں کی اصل تعداد بہت زیادہ ہو سکتی ہے، سوڈان ایک طوفانی بحران کا شکار ہے جہاں تباہی کی حد چونکا دینے والی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ یہاں تنازعات کو کم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات ناکافی ہیں۔واضح رہے سوڈان اپریل 2023 میں اس وقت افراتفری کا شکار ہوگیا جب فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا لاوا پھٹ گیا اور دونوں فریقوں نے کھلی جنگ شروع کردی جس سے شہری بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کا کہنا ہے کہ تصادم کے آغاز سے اب تک 13 ملین سے زیادہ لوگ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو ئے ان میں سے 2.3 ملین سے زیادہ ایسے ہیں جو ہمسایہ ممالک میں بھاگ کر پناہ گزین بنے۔ ادھر، سیلاب سے سوڈان کی 18 گورنریٹس میں سے 12 میں درجنوں افراد ہلاک اور اہم انفراسٹرکچر تباہ ہو گئے،ہیضے کی وبا بھی تازہ ترین آفت بن گئی ہے۔

سوڈانی وزارت صحت کے مطابق حالیہ ہفتوں میں اس وبا سے کم از کم 165 افراد ہلاک اور تقریباً 4,200 متاثر ہوئے ہیں۔

بشکریہ: اے پی پی

اقوام متحدہسوڈان جنگ
Comments (0)
Add Comment