سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں سمندری تحفظ کیلئے کوششیں بڑھائیں،رومینہ خورشید
سمندری محفوظ علاقوں میں تیس فیصد توسیع کے عالمی ہدف کے حصول کیلئے کوشاں ہے،بیان
اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے کہا ہے سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں سمندری نظام کے تحفظ کیلئے کوششیں بڑھائیں۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے کہا کہ پاکستان 2030 تک سمندری محفوظ علاقوں میں تیس فیصد توسیع کے عالمی ہدف کے حصول کیلئے کوشاں ہے، بلوچستان حکومت کی جانب سے چورنا جزیرہ کو سمندری تحفظ کا علاقہ قرار دینا ہدف کے حصول کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں سمندری نظام کے تحفظ کے لئے کوششیں بڑھائیں، چورنا جزیرہ کو سمندری محفوظ علاقہ قرار دینے پر بلوچستان حکومت کی کوششوں کو سراہتی ہوں، چورنا جزیرے کے تحفظ سے پاکستان کی سمندری حیات کو فروغ ملے گا۔
رومینہ خورشید نے کہا کہ پاکستان سمندری تحفظ کے لئے پرعزم ہے اور مینگروز کی بحالی میں 300 فیصد اضافہ متوقع ہے، سمندری ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔
انہوں نے سمندری ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔