پشاور (نیوز پلس) پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں واقع شاہین ٹاؤن سے پولیس نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین سمیت دیگر 9 پی ٹی ایم کارکنوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔گرفتار ہونے والوں محمد سلمان، عبدالحمید، ادریس، بلال، محب، سجادالحسن، ایمل، فاروق اور محمد سلمان شامل ہیں۔ تہکال پولیس اسٹیشن کے عہدیدار شیراز احمد نے منظور پشتین سمیت دیگر افراد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کو علی الصبح انہیں گرفتار کیا گیا۔پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم سربراہ کو ڈیرہ اسمٰعیل خان منتقل کیا جائے گا جہاں ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہے پولیس منظور پشتین کو راہداری ریمانڈ کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرے گی۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 18 جنوری کو ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سٹی پولیس تھانے میں پی ٹی ایم کے سربراہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔یہ مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 506 (مجرمانہ دھمکیوں کے لیے سزا)، 153 اے (مختلف گروہوں کے درمیان نفرت کا فروغ)، 120 بی (مجرمانہ سازش کی سزا)، 124 (بغاوت) اور 123 اے (ملک کے قیام کی مذمت اور اس کے وقار کو تباہ کرنے کی حمایت) کے تحت درج کیا گیا۔