راولپنڈی(نیوز پلس) آرمی پبلک سکول و کالج وارسک روڈ پشاور میں دو ہزار چودہ کے سانحہ کے شہید ہونے والے بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہدائے اے پی ایس کو خراج عقیدت اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں شہداء کے والدین اور اہلخانہ سمیت مقامی افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کا آغاز شہداء کیلئے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے تقریب میں شرکت کی اور اے پی ایس پشاور میں قائم یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ کورکمانڈر پشاور نے شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔