سائفر کے ذریعے امریکی سازش کا بانی پی ٹی آئی کا الزام سراسر جھوٹ ہے، ڈونلڈ لو

سائفر کے ذریعے امریکی سازش کا بانی پی ٹی آئی کا الزام سراسر جھوٹ ہے، ڈونلڈ لو

امریکہ کے جنوبی ایشیا کے لئے اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ سائفر کے ذریعے امریکی سازش کا بانی پی ٹی آئی کا الزام سراسر جھوٹ ہے ، بانی پی ٹی آئی کو نکالنے میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں۔

جنوبی ایشیا کےلیے امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری خارجہ ڈونلڈ لو کا امریکی ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کمیٹی میں بیان کو چیئرمین کمیٹی نے تسلی بخش قرار دے دیا۔

ڈونلڈ لو نے امریکی ایوان نمائندگی کی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں بیان ریکارڈ کروایا۔

انہوں نے کہا کہ سائفر کو امریکی سازش کہنے کا عمران خان کا الزام سراسر جھوٹ ہے یہ الزام اور سازشی نظریہ جھوٹ اور بے بنیاد ہے سائفر سے متعلق میڈیا رپورٹ اور الزامات غلط ہیں۔

ڈونلڈ لو نے کہا کہ یہ الزام غلط ہے کہ امریکا یا میں نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف اقدام کیا، میٹنگ میں شامل سفیر نے پاکستان کی حکومت کو بتایا کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے اس حق کا احترام کرتے ہیں کہ وہ اپنی حکومت کو جمہوری عمل سے منتخب کریں۔

امریکی ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کمیٹی میں انتخابات کے بعد پاکستان میں جمہوریت کے مستقبل اور پاک امریکا تعلقات پر سماعت کے دوران ڈونلڈ لو نے کہا کہ انتخابات میں بے ضابطگیوں کی شکایات دیکھنا الیکشن کمیشن پاکستان کا کام ہے۔

ڈونلڈ لو کی گفتگو کے دوران ہال میں موجود کچھ لوگوں نے’’بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو‘‘ کی نعرے بازی کی، رکن ایوان نمائندگان نے کہا کہ شور کرنے والوں کو ہال سے نکال دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان گزشتہ دہائیوں سے بیرونی قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، امریکا 67 سال سے پاکستان میں انویسٹمنٹ کر رہا ہے، پاکستان نے امریکا کے ساتھ مل کر دہشتگردی کی جنگ کا مقابلہ کیا۔

ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ خوشحال پاکستان پاکستانی لوگوں کا حق ہے، پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، پاکستان ہمیشہ سے ہی دہشتگردی جیسے مسائل سے دوچار رہا، جمہوری حکومت کا قیام پاکستان میں بہتری لائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معیشت اور دہشت گردی دونوں محاذوں پر لڑ رہا ہے، پاکستانی معیشت کی بحالی پاکستان کیساتھ ساتھ امریکا کیلئے بھی سود مند ہے۔

ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین جگہ ہے، پاکستان معاشی پالیسیاں ٹھیک کرے تو امریکا سے بڑی سرمایہ کاری آئے گی، پاکستان کی کامیابی امریکا کی کامیابی ہے۔

ڈونلڈ لو اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ کی جانب سے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بھی تعریف کی گئی۔

امریکہجنوبی ایشیاڈونلڈ لوسائفر
Comments (0)
Add Comment