ریکوڈک منصوبہ: امریکی بینک کی جانب سے 25۔1 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری

ریکوڈک منصوبہ: امریکی بینک کی جانب سے  25۔1 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری

یہ نئی فنانسنگ پاکستان اور امریکہ کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گی اور بلوچستان میں اقتصادی ترقی کو فروغ دے گی۔ امریکی سفارتخانہ

امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم بینک) نے پاکستان کے اہم معدنی منصوبے ریکوڈک کے لیے 1.25 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کو پاکستان کی معیشت اور پاک–امریکہ اقتصادی تعاون کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 

بلوچستان میں اقتصادی ترقی کی نئی راہیں

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ نئی فنانسنگ پاکستان اور امریکہ کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گی اور بلوچستان میں اقتصادی ترقی کو فروغ دے گی۔

ریکوڈک: دنیا کا اہم معدنی ذخیرہ

ریکوڈک، بلوچستان میں واقع تانبے اور سونے کے دنیا کے بڑے ذخائر میں سے ایک ہے۔ موجودہ منصوبہ کینیڈا کی کمپنی بارک گولڈ اور پاکستانی شراکت داروں کے درمیان 50-50 کا مشترکہ معاہدہ ہے۔ منصوبے کا ہدف 2028 میں پیداوار کا آغاز کرنا ہے۔

امریکی معاونت کے معاشی فوائد

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ایگزم بینک کی فنانسنگ کے ذریعے آنے والے برسوں میں 2 ارب ڈالر تک کی امریکی مشینری اور خدمات ریکوڈک منصوبے کے لیے فراہم کی جائیں گی۔
ان کے مطابق اس منصوبے سے:

  • امریکہ میں 6,000
  • بلوچستان میں 7,500
    افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

نیٹلی بیکر نے اس پراجیکٹ کو "ایک مثالی منصوبہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے امریکی برآمد کنندگان اور پاکستانی مقامی برادریوں دونوں کے لیے ترقی و خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی حکومت ایسے اقتصادی معاہدوں کو اپنی سفارتی حکمت عملی کا اہم حصہ بنا چکی ہے۔

اہم معدنیات میں بڑا امریکی سرمایہ کاری پلان

گزشتہ ماہ ایگزم بینک کے سربراہ جان جونووِچ نے فنانشل ٹائمز کو بتایا تھا کہ بینک دنیا بھر میں اہم معدنیات، جوہری توانائی اور LNG سپلائی چینز کو مضبوط بنانے کے لیے آئندہ برسوں میں 100 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرے گا۔ پاکستان بھی ان ابتدائی ممالک میں شامل ہے جنہیں اس منصوبے سے فائدہ پہنچے گا۔

پاک–امریکہ تعلقات میں مثبت پیش رفت

حالیہ مہینوں میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ دونوں ممالک بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں اقتصادی تعاون اور سلامتی کے شعبوں میں اشتراک بڑھا رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں:

  • ستمبر میں یو ایس اسٹریٹجک میٹلز اور پاکستان کی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے درمیان 500 ملین ڈالر کا معاہدہ ہوا۔
  • اکتوبر میں پاکستان نے پہلی مرتبہ نایاب معدنیات اور اہم دھاتوں کی کھیپ امریکہ بھیجی، جو دونوں ممالک کی بڑھتی ہوئی شراکت داری کی علامت ہے۔

امریکی ناظم الامور -نیٹلی بیکر - ریکوڈک بلوچستان
Comments (0)
Add Comment