ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن پاکستان کی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملیحہ سحر سے اہم ملاقات
ملیحہ سحر کے عہدے کا چارج سنبھالنے پر ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری نے گلدستہ پیش کیا جبکہ وفد کی قیادت سرپرستِ اعلیٰ چوہدری محمد نعیم کر رہے تھے۔وفد میں چیئرمین ممتاز احمد، سینئر نائب صدر چوہدری زاہد محمود، جنرل سیکرٹری راجہ عدنان محمود، بیکرز کے سینئر نائب صدر حذیفہ انصر، سینئر نائب صدر سلیم شیر زمان، انفارمیشن سیکرٹری طارق خان سمیت ایسوسی ایشن کی کور کمیٹی کے دیگر معزز اراکین بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران سرپرستِ اعلیٰ چوہدری محمد نعیم نے انتظامیہ اور تاجر برادری کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شہر میں تجاوزات کے خاتمے، کاروباری ماحول کی بہتری اور دیگر اہم شہری و تجارتی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان مضبوط رابطہ اور باہمی اعتماد ہی شہر کی ترقی اور نظم و ضبط کو یقینی بنا سکتا ہے۔اس موقع پر صدر محمد فاروق چوہدری نے تاجر برادری کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے شہر میں بہتر کاروباری ماحول، صفائی ستھرائی اور قانونی ضابطوں کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملیحہ سحر نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاجر برادری کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور باہمی تعاون کے ذریعے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ تاجروں کے جائز مسائل کے حل اور شہر میں بہتر نظم و نسق کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں جانب سے شہر کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی سہولت کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔