ریاست کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا شرعی اور آئینی حق حاصل ہے، نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ

ریاست کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا شرعی اور آئینی حق حاصل ہے، نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ریاست کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا شرعی اور آئینی حق حاصل ہے، طاقت کا استعمال صرف ریاست کا حق ہے، ریاست اپنے عوام کو ہر صورت تحفظ فراہم کرے گی اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، پوری قوم ہمیشہ شہدا کی قربانیوں کی مقروض رہے گی، زبان، رنگ، نسل، عقیدے سمیت کسی بھی بنیاد پر کسی بھی گروہ یا فرد کو پرتشدد کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وزارت داخلہ میں شہدا کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور شہدا کے لواحقین بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہدا کے لواحقین کے غم کا مداوا نہیں کیا جا سکتا، شہید کا اجر اﷲ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے، پوری قوم ہمیشہ شہدا کی قربانیوں کی مقروض رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس، سیاستدانوں، صحافیوں، سول سوسائٹی، طلبا ، افواج پاکستان سمیت معاشرے کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والوں نے ملک و قوم کیلئے قربانیاں دی ہیں۔

 انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کو حاصل ہے، زبان، رنگ، نسل، عقیدے سمیت کسی بھی گروہ یا فرد کو پرتشدد کاروائیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی،  اگر کوئی گروہ تائب ہو کر رجوع کرنا چاہتا ہے تو سب سے پہلے وہ شہدا کے لواحقین سے معافی مانگے، اگر وہ مکمل طور پر اپنی غلطی قبول اور غیر مشروط سرنڈر کرے تو ریاست فیصلہ کر سکتی ہے، اگر ایسا نہیں تو ہم سو سال تک بھی لڑنے کیلئے تیار ہیں اور ریاست ایسے لوگوں سے بات چیت نہیں کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست اپنے عوام کو ہر صورت تحفظ فراہم کرے گی اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ تقریب میں شہدا کے لواحقین نے اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور وزارت داخلہ کی طرف سے شہدا کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے اقدام کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

دریں اثنا وزیراعظم نے وزارت داخلہ میں شہدا کی یادگاری تصاویر کی گیلری کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے شہید صفوت غیور کی تصویر کو دیوار پر آویزاں کیا۔ گیلری میں وطن عزیز کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔

 قبل ازیں وزیراعظم وزارت داخلہ پہچنے تو اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

 

 

بشکریہ: اے پی پی

انوار الحق کاکڑریاستنگراں وزیر اعظم
Comments (0)
Add Comment