روہت شرما نے سب سے زیادہ چھکے اور ورلڈکپ میں سنچریوں کا ریکارڈ بنا لیا
بھارتی کپتان روہت شرما انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے اور ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔
روہت شرما نے یہ دونوں کارنامے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں سر انجام دیے۔ورلڈکپ میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔افغانستان نے بھارت کو جیت کیلئے 273 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما نے افغانستان کے خلاف اننگز میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا 554 واں چھکا مار کر سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کرس گیل نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 553، پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے 476، نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم نے 398 چھکے مارے۔ہدف کے تعاقب میں روہت شرما نے افغانستان کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی جس کے بعد وہ سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے۔
روہت نے ورلڈکپ کی 19 اننگز میں ساتویں سنچری اسکور کی، اس سیقبل ون ڈے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 44 اننگز میں 6 سنچریاں بنائی تھیں۔افغانستان کے خلاف روہت کی سنچری بھارت کی جانب سے ورلڈکپ میں سب سے تیز ترین سنچری بھی ہے۔
انہوں نے 63 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔اس سے قبل سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1983 کے ورلڈکپ میں 72 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔روہت شرما نے افغانستان کے خلاف 84 گیندوں پر 131 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔