دورہ آسٹریلیا، تربیتی کیمپ کیلئے صائم ایوب سمیت کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی
آسٹریلیا میں آئندہ ٹیسٹ ٹور سے قبل پاکستان کے تربیتی کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ کیمپ 22 سے 29 نومبر تک راولپنڈی میں ہوگا اور ٹیم 30 نومبر کو اسلام آباد سے آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوگی۔ نئے مقرر کردہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے ساتھ تربیتی کیمپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کی نشاندہی کی ہے۔
قائد اعظم ٹرافی کے ٹاپ پرفارمرز صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب اور نمایاں وکٹ لینے والے خرم شہزاد منتخب ہونے والوں میں شامل ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ محمد حفیظ ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ کا دوہرا کردار ادا کریں گے۔
عمر گل باؤلنگ کوچ ہوں گے جب کہ کوچ عبدالمجید دوبارہ فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔نوید اکرم چیمہ دورے کے دوران پاکستانی ٹیم کو سنبھالیں گے اور شاہد اسلم اسسٹنٹ کوچ اور منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔ رضا راشد کو دورہ آسٹریلیا کے لیے میڈیا منیجر مقرر کیا گیا ہے۔ سکواڈ اور کوچنگ سٹاف کا باضابطہ اعلان پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی منظوری سے مشروط ہے جو اس وقت بھارت میں ہیں۔ دورہ آسٹریلیا کے لیے سکواڈ میں 17 سے 18 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔