لاڑکانہ (نیوز پلس) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے حکومت مخالف آزادی مارچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کیساتھ ہیں۔لاڑکانہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ایس 11 کے عوام دھاندلی نہیں ہونے دیں گے لیکن اگر دھاندلی نہ ہوئی تو پھر بھی پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب کے حوالے سے سپورٹ کا مولانا فضل الرحمان ہی جواب دے سکتے ہیں۔ بنوں میں پیپلز پارٹی نے مولانا کے امیدوار کو سپورٹ کیا تھا۔ امید کرتے ہیں مولانا بھی سپورٹ کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کا ضمنی الیکشن میں سپورٹ پر شکر گزار ہوں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم عمران خان کے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کروانے کو اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ جنگ نہ ہو۔ ایران میں اگر جنگ ہوگی تو پاکستان بھی متاثرہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کا خیال رکھنا اور روزگار دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہر دور میں زیادہ سے زیادہ روزگار دیئے۔ پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں کی پالیسی میں یہی فرق ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت میں سازش کے تحت لوگوں کو بے روزگار کیا گیا۔ یہ لوگوں کو روزگار دینے کے بجائے مزید اداروں کو بند کریں گے۔ فواد چودھری کا بیان ہی خان صاحب کی اصلی پالیسی ہے۔