لاہور(نیوز پلس) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا دعویٰ تھا کہ اقتدار سنبھالتے ہی باہر سے ڈالروں کی بارش ہوجائے گی مگر انہوں نے روپے کی اس قدر بے توقیری کی کہ اب وہ کاغذ کا ایک بے وقعت ٹکڑا بن کر رہ گیا ہے اور ڈالر کی قیمت آسمان کو چھورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت نے پندرہ مہینوں میں عوام سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا،مہنگائی نے عوام کے اوسان خطا کردیئے ہیں۔ ٹماٹر گوشت کی قیمت پر بک رہے ہیں۔ وزراء اتنے بے خبر ہیں کہ لوگوں کی غربت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ حکومت نے معیشت، تجارت، روزگار اور تعلیم کا بیڑا غرق کردیا ہے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں انضمام کے بعد فاٹا بھی اسلام آباد، کراچی اور لاہور کی طرح اہم ہے۔ انضمام کے وقت فاٹا عوام سے کیے گئے وعدوں کو حکومت نے اب تک پورا نہیں کیا۔ فاٹا کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے 100 ارب روپے کے پیکیج اور فاٹا کے نوجوانوں کو روزگار دینے کے ہنگامی پروگرام کا اعلان کیا گیا لیکن حکومت نے روزگار دینے کی بجائے روزگار کے پرانے ذرائع پر بھی پابندیاں لگادیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حکومت میں کسی کی عزت، جان اور مال محفوظ نہیں ہے۔