لاہور (نیوز پلس) جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے کہا ہے کہ وہ عدلیہ کا شکر گزار ہیں کہ انہوں نے معاملے کی سنگینی کو سمجھا۔ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے میاں نواز شریف کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست قابل سماعت قرار دینے پر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت نے ای سی ایل سے نام نکالنے کی غیرقانونی شرط رکھی جس کی بنیاد پر وہ عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہوئے۔ حکومت نواز شریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے۔ موجودہ حکومت کا آئین اور قانون سے کوئی تعلق نہیں۔ عمران خان صاحب غیر انسانی رویوں کی سیاست کو فروغ نہ دیں۔احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جن رویوں کی بنیاد رکھی، اس کے مستقبل میں منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اتنی آگ نہ جلائیں کہ ان کا دامن بھی محفوظ نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ووٹرز کو خوش کرنے کیلئے انڈیمنٹی بونڈ کی شرط رکھی ہے۔ براہ مہربانی عوام کو گمراہ نہ کریں، عدالتوں سے امید ہے کہ انہیں ریلیف ملے گا۔