حکومت مستحکم و سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے میں پرعزم ہے، وفاقی وزیرخزانہ

حکومت مستحکم و سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے میں پرعزم ہے، وفاقی وزیرخزانہ

 ملک میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں،سینیٹراورنگزیب کی مشرق بینک کے صدر جی سی ای او احمد عبدل آل سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد:  وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت مستحکم و سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے میں پرعزم ہے، ملک میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ملاقات کیلیے آئے ہوئے مشرق بینک کے صدر جی سی ای او احمد عبدل آل سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں پاکستان کے اقتصادی منظرنامہ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مفید بات چیت ہوئی۔اس موقع پر وزیر مملکت علی پرویز ملک، فنانس ڈویژن اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر افسران بھی موجودتھے۔

وزیر خزانہ نے احمد عبدل آل کو مبارکباد دی اور پاکستان کے مالیاتی منظر نامے میں مشر ق بینک کی دلچسپی کو سراہا۔انہوں نے مشر ق بینک کے ساتھ دوبارہ منسلک ہونے کیلئے حکومت پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

 وزیر خزانہ نے ملک کے معاشی منظرنامے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کلی معیشت کے استحکام کے اشاریوں میں حالیہ بہتری، مستحکم کرنسی اور مالیاتی منڈیوں میں تیزی کا ذکر کیا۔

اس موقع پروفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ بورڈ آف ریونیو، سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات، ٹیکس کی بنیاد میں وسعت، کاروبارمیں آسانی، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے کلی معیشت کے ماحول کو مستحکم کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کیلئے بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔مشرق بینک کے صدر جی سی ای او نے سرمایہ کاروں کے اعتمادمیں اضافہ اور ملک میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے مشر ق بینک کی پاکستان کے مالیاتی شعبے میں اپنی مصروفیات کو گہرا کرنے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع کیلئے سب سے زیادہ اسٹریٹجک مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں جیساکہ انفراسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت اور ایس ایم ایز پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ترسیلات زر، تجارت، مالیات اور اسلامی بینکاری کیلئے تعاون کو بڑھایا جا سکے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان میں آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کی استعداد کا ذکر کرتے ہوئے اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز سے سرمایہ کاری میں اضافے پر زور دیا۔

انہوں نے ایک مستحکم اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فریقین نے پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں پاکستان اور مشرق بینک کے درمیان مضبوط شراکت داری پر زور دیا ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیبمشرق بینکوزیرخزانہ
Comments (0)
Add Comment