حکومت بشام واقعہ کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دے گی، وزیر اعظم

حکومت بشام واقعہ کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دے گی، وزیر اعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، حکومت بشام واقعہ کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دے گی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ کا دورہ کیا اور چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ سے بشام میں دہشت گرد حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں، پاکستانی حکومت واقعہ کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی۔چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کیلئے واقعہ کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ چینی سفیر نے وزیرِاعظم کی سفارتخانہ آمد اور واقعہ کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور وزیرِاعظم کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی۔

 

بشکریہ: اے پی پی

جیانگ زائیڈونگچینی سفارتخانہسفیروزیراعظم محمد شہباز شریف
Comments (0)
Add Comment