لاہور (نیوز پلس) ترجمان پاکستان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جمہوریت کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کے لیے پاکستان بنایا،قائد کا پاکستان امانت کے طور پر نوازشریف کو ملا،جنہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور سی پیک دیا جسے اب تالا لگ چکا ہے۔ لاہور میں پی ایم ایل ()ن کی جانب سے قائداعظم کے یوم پیدائش،نوازشریف کی سالگرہ اور کرسمس کی تقریب سے خطاب میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر قانون سازی کی ٹھیکے دار نہ بنے۔ سپریم کورٹ نے پارلیمان کو قانون سازی کے لیے کہا ہے۔ ن لیگ کسی دباؤ کا شکار نہیں ہو گی جبکہ سلیکٹڈ کی چھٹی ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر ملک بند کرنے والوں کی دھمکیاں دینے والوں نے سچ مچ پاکستان بند کر دیا۔ نارووال میں اسپورٹس اسٹی بنانے پراحسن اقبال کو سزا دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے رانا ثنا اللہ پر جھوٹے الزام لگائے وہ اپنا قلمدان واپس کریں، ثبوت پیش کرنے کا وقت آیا تو رہنماؤں کو ضمانت مل گئی، دوبارہ سے گرفتاریوں کا تسلسل جاری ہے، مسلم لیگ (ن)کسی دباؤ کا شکار نہیں ہو گی جب کہ سلیکٹڈ کی چھٹی ہونے والی ہے۔ترجمان پی ایم ایل(ن)کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کی تیمارداری کے لیے جانا چاہتی ہیں، مریم نواز کو روکنے کے لیے کابینہ کا اجلاس ہوتا ہے تاہم مہنگائی، لوڈشیڈنگ کے خلاف کابینہ کا اجلاس نہیں ہوتا، امید ہے مریم نواز کو انصاف ضرور ملے گا۔