راولپنڈی (نیوز پلس)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے میری زندگی میں یہ سب سے تلخ اور سخت بیان ہے جو گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے غم و غصے کے ساتھ جاری کیا انہوں نے کہ میں بچپن سے سیاسی ورکر ہوں اور آج تک جلسہ، جلوس کھیل رہا ہوں لیکن میں نے اپنی زندگی میں فوج کی جانب سے ایسا سخت بیان کبھی سنا، دیکھا نہ پڑھا جو گزشتہ روز جاری کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کشمیری رہنما چوہدری غلام عباس کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے جنرل (ر) پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کے فیصلے پر ردعمل پر کہا ہے کہ حالات بگڑتے دیکھ رہا ہوں اور انہوں نے آج تک فوج کی جانب سے اتنا تلخ و سخت بیان نہیں دیکھا۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں جن لوگوں نے اس ملک کو لُوٹا، نوچا اور اس ملک میں وہ سب تباہ و برباد کیا جو قوم نے انہیں دیا لیکن جس نے سیاچن اور کارگل میں اپنی آزادی اور فتح کے جھنڈے گاڑھے اسے غدار کہا جائے تو میرے خیال سے اس فیصلے سے فاصلہ بڑھے گا۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے، پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے اور تلخیاں ختم کرنی ہیں، تلخیاں تب ختم ہوں گی جب ہم اپنے چھوٹے چھوٹے اختلافات کو ختم کردیں۔