جیل میں بیٹھا شخص فیصلہ نہیں کرپارہا کہ امریکا کا گلا پکڑنا ہے یا پیر، مرتضیٰ سولنگی
نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ9مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کے سینکڑوں ثبوت موجود ہیں،جیل میں بیٹھا شخص فیصلہ نہیں کرپارہا کہ امریکا کا گلا پکڑنا ہے یا پیر،ایوان بالامیں الیکشن التواء کی قرار داد میں دلائل دینے کا موقع نہیں ملا،
نگراں وزیراعظم یا کابینہ کی طرف سے الیکشن تاخیر سے متعلق کوئی حکم موجود نہیں تھا، بہت سے لوگوں کو الیکشن ٹریبونلز سے ریلیف ملا،کچھ لوگوں کوعدالتوں سے بھی ریلیف ملے گا،ابھی ریلیف کے مزید فورمز بھی باقی ہیں، یہ خود کو مظلوم ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔نجی ٹی وی چینل کو انٹرویودیتے ہوئے نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سینیٹ میں مجھے بات کرنے کا موقع نہیں دیا گیا،سینیٹ سے نکلنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی،کابینہ کی جانب سے قرارداد کی حمایت کا اختیار نہیں تھا،
نگراں حکومت کا موقف ہے کہ انتخابات 8فروری کو ہوں گے۔مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ قرارداد میں بیان کردہ مسائل حقیقی ہیں، انتخابات میں تاخیر کرنا ہمارا اختیار نہیں، الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی الیکشن کمیشن کا اختیارہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں۔
نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ سینیٹ کا ماحول بہت جذباتی تھا،جب قرارداد پیش ہوئی تو میں موجود نہیں تھا،قرارداد پیش ہونے کے بعد ایوان میں پہنچا،سینیٹ میں صرف 14ارکان موجود تھے، کسی نے بھی کورم کی نشاندہی نہیں کی، ممبران کی حاضری پوری کروانا نگراں حکومت کی ذمہ داری نہیں۔
سانحہ 9مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ9مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کے سینکڑوں ثبوت موجود ہیں، عوام جانتے ہیں کہ کس نے سازش کی اور کس کے خلاف سازش کی، جیل میں قید شخص کی متنازع مضمون چھاپنے کی تحقیقات کررہے ہیں،یقینی بات یہ ہے کہ تحریر جیل سے باہر نہیں گئی۔
انہوں نے کہاکہ کسی عدالت نے نگراں حکومت کو غیرقانونی قرار نہیں دیا،جیل میں بیٹھے شخص کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں، وہ فیصلہ نہیں کرپارہے کہ امریکا کا گلا پکڑنا ہے یا پیر،کبھی کہتے ہیں امریکا کے خلاف نہیں،کبھی کہتے ہیں امریکا سے سازش ہوئی۔فیٹف کے حوالے سے نگراں وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ پاکستان کے گرے لسٹ میں جانے کی وجہ سے ہمارے قوانین میں بہتری آئی،گرے لسٹ میں جانے سے پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل کچھ کہنا نہیں چاہتا،جو بھی فیصلہ آیا عملدرآمد کیا جائے گا، یقین ہے کہ فیصلہ آئینی تاریخ کا اہم ترین فیصلہ ہوگا۔نگراں وزیراطلاعات نے کہاکہ بہت سے لوگوں کو الیکشن ٹریبونلز سے ریلیف ملا،کچھ لوگوں کوعدالتوں سے بھی ریلیف ملے گا، پی ٹی آئی نے 2ہزار 620کاغذات نامزدگی جمع کروائے، 1996کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے،صوبائی اسمبلیوں کیلئے 1777کاغذات نامزدگی جمع کروائے، 1777میں سے 1398کاغذات منظور کیے گئے، 78.67فیصد کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔انہوں نے کہاکہ ابھی ریلیف کے مزید فورمز بھی باقی ہیں، یہ خود کو مظلوم ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔