جنگ بندی ہو بھی جائے، ایران امریکی افواج کو خطے سے نکال کر دم لے گا، ترجمان ایران آرمی
ایرانی افواج کے جنرل اسٹاف کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شیکرچی نے کہا ہے کہ ایران کی جنگی حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد عرب ممالک میں موجود امریکی افواج کا انخلا یقینی بنانا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، انہوں نے اپنی حکمتِ عملی بیان کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو امریکی فوجیوں کے لیے اس حد تک مشکل بنا دیا جائے گا کہ ان کا وہاں رہنا ممکن نہ رہے۔
شیکرچی کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت تک امریکی افواج پر دباؤ برقرار رکھے گا جب تک وہ مکمل طور پر خطہ چھوڑ نہیں دیتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطے میں قائم امریکی اڈوں کو مسلسل نشانہ بناتا رہے گا، جس کے باعث امریکی فوجیوں کو اپنی حفاظت کے لیے ہوٹلوں اور بندرگاہوں میں پناہ لینا پڑ رہی ہے۔
ان کے مطابق اگر امریکہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی زمینی کارروائی کی گئی تو اسے ایک "قتل گاہ” میں تبدیل کر دیا جائے گا، تاکہ اتنا زیادہ نقصان پہنچایا جا سکے کہ مستقبل میں امریکی عوام فوج میں شمولیت سے ہچکچائیں۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسے امریکی اور اسرائیلی جہازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور کسی بھی صورت انہیں گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔