اسلام آباد(نیوز پلس)مولانا فضل الرحمن کا آ زادی مارچ کی تاریخ جوں جوں نزدیک آ تی جا رہی ہے ساتھ ہی سیاسی رابطوں میں تیزی بھی بڑھتی جا رہی ہے۔جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے چوہدری برادرا ن سے رابطہ کیا۔مولانا فضل الرحمن آج چوہدری شجاعت حسین اورچوہدری پرویز الہی سے ملاقات کریں گے، ملاقات ساڑھے چار بجے ظہور الہی روڑ پر ہوگی، ملاقات میں مولانا فضل الرحمن، صدر مسلم لیگ ق شجاعت حسین کی خیریت دریافت کریں گے، ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال بھی زیر غور آئے گی۔ادھر مسلم لیگ ن اور جمعیت علما اسلام آج آزادی مارچ کے امور کو حتمی شکل دے گی، مولانا فضل الرحمن آج شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات ماڈل ٹاون میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوگی۔ ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف نیوز کانفرنس میں مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، مسلم لیگ ن اور جمعیت علما اسلام کی قیادت کی پریس کانفرنس ساڑھے چار بجے ہوگی۔