توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کے دائمی وارنٹ منسوخ
سابق وزیر اعظم نیاں نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے سامنے سرینڈر کر دیا۔
عدالت نے نواز شریف کے دائمی وارنٹ منسوخ کر دئیے۔
نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے، نواز شریف کے ہمراہ احسن اقبال، طارق فضل چودھری سمیت دیگر ن لیگی رہنما اور وکلا کی ٹیم بھی تھی۔
عدالت میں نواز شریف کے ضمانتی کے طور پر ن لیگی رہنما طارق فضل چودھری کو مقرر کیا گیا۔
دوران سماعت نواز شریف کے وکیل نے سیاسی دلائل دینے کی کوشش کی جس پر احتساب عدالت کے جج نے وکیل قاضی مصباح کو سیاسی دلائل دینے سے روک دیا۔
عدالت نے توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
جج محمد بشیر نے کہا کہ نواز شریف کو روسٹرم پر بلا لیں۔
نواز شریف جج محمد بشیر کے روبرو روسٹرم پر پیش ہوئے جس کے بعد جج محمد بشیر نے وکلاء سے کہا کہ نواز شریف کو لے جائیں۔
نواز شریف کمرۂ عدالت سے روانہ ہو گئے۔
عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔