اسلام آباد(نیوز پلس) صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) اور اپوزیشن لیڈرمیاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ظلم وبربریت کی سات دہائیاں گزر گئیں لیکن عالمی ضمیر بیدار ہوا نہ مہذب دنیا نے کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کی۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کی قرارداد منظور کرنے کے دن پراپنے دئیے گئے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کشمیریوں سے حق خودارادیت کے وعدہ کو اکہتر سال بیت چکے ہیں لیکن کشمیری عوام آج بھی اس وعدہ کے پورا ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔میاں
شہباز شریف نے اقوام متحدہ دے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں بہنے والے خون کو رکوائے اور ڈیڑھ سو دن سے جاری محاصرے کو ختم کرائے۔مسلم لیگ (ن)کے صدرنے کہا کہ بہادر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے پاکستان ان کے ساتھ ہے ا س دن کشمیریوں سے یک جہتی کا مقصد بہادر کشمیریوں کو یاد دلانا ہے کہ وہ جدوجہد میں تنہا نہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں کشمیریوں کے جائز، قانونی اور پیدائشی حق کے لئے پورا پاکستان یک جان اور متحد ہے آج کے دن تحریک آزادی کشمیر میں قربانیاں دینے والے شہدا ء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔