بیرسٹرعقیل ملک کی جمہوریہ کوریا کے قومی دن اور یومِ مسلح افواج کی تقریب میں شرکت
وزیرمملکت کا جمہوریہ کوریا کے قومی دن اور یومِ مسلح افواج کی تقریب میں شرکت، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد : (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی، تجارتی و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ جمہوریہ کوریا کے قومی دن اور یومِ مسلح افواج کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران اظہارِ خیال کر رہے تھے۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سنگ ہو (Han Sungho) اور سفارتی کور کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں بڑھتی ہوئی شراکت داری کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے مشترکہ عزم پر استوار ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان مسلسل روابط اور باہمی تعاون کو فروغ دے کر مختلف شعبوں میں اشتراک کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بالخصوص اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر مملکت نے حکومت اور عوامِ جمہوریہ کوریا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور خوشگوار تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوستانہ روابط کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا