اسلام آباد(نیوز پلس)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگرکسی فالز فلیگ آپریشن یا حملے کی کوشش کی گئی تو پاکستانی افواج تیار ہیں اور حملہ آور ہونے کی کوشش پر مناسب جواب دیا جائے گا۔ اپنے جاری ایک ویڈیو پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے اور قوم نظریہ پاکستان، کشمیریوں کے ساتھ کھڑی دکھائی دے گی، بھارت کو متنبہ کرتا ہوں کوئی ایسی غلطی نہ کرنا، ہم پر امن لوگ ہیں، ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے جبکہ بھارتی آرمی چیف کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے کہا شہریت بل پر آسام کی وزیراعلیٰ نے احتجاج کی خود قیادت کی اور بل مذہبی آزادی کی سوچ کے برعکس اور بنیادی حقوق پامال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی عزائم بھانپتے ہوئے صدر سلامتی کونسل کو ایک اور خط لکھا، ساتویں خط میں بھارت کے ناپاک عزائم کی نشاندہی کی، 4 اقدامات پر صدر سلامتی کونسل کی توجہ دلائی، ایل اوسی پر 5 جگہ سے باڑ کاٹنے کے پیچھے بھارت کے کیاعزائم ہیں؟ کیا کوئی نیا مس ایڈونچر ہونے جا رہا ہے؟ اس پر بھی ہمیں تشویش ہے۔شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارت نے جنوری 2019 سے اب تک 3 ہزار مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، 300 کے قریب نہتے انسانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، ہمارے خط کی بنیاد پر اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں چین نے اس مسئلے کو دوسری مرتبہ اٹھایا۔