بھارت جنوبی ایشیا میں دہشتگردی کاسب سے بڑا سرپرست ہے، خواجہ آصف کا راجناتھ سنگھ کو کرارا جواب

بھارت جنوبی ایشیا میں دہشتگردی کاسب سے بڑا سرپرست ہے، خواجہ آصف کا راجناتھ سنگھ کو کرارا جواب

بھارتی وزیرِ دفاع کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی نہ صرف کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے بلکہ بین الریاستی تنازعات کے خطرات بھی بڑھا رہی ہے۔ وزیرِ دفاع خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کے متنازع اور اشتعال انگیز بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، کیونکہ یہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔

خواجہ آصف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی قیادت کی اشتعال انگیز بیان بازی سیاسی مقاصد کے حصول اور دباؤ کی حکمتِ عملی کا تسلسل ہے، تاہم اس سے نہ تو بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل کی جا سکتی ہے اور نہ ہی ایسے بیانات خطے میں امن، استحکام یا بامعنی مذاکرات کے فروغ میں کوئی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کا حتمی حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی آزادانہ رائے کے مطابق ہونا ابھی باقی ہے۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی بھارت کی مسلسل کوششیں بے بنیاد اور ناقابلِ اعتبار ہیں، کیونکہ ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی اور سرحد پار تخریبی سرگرمیوں کا ریکارڈ خود بھارت کے خلاف موجود ہے۔ ان کے بقول، بھارت جنوبی ایشیا میں عدم استحکام اور دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے، جس کی جارحانہ اور توسیع پسندانہ پالیسیاں پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی نہ صرف کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے بلکہ بین الریاستی تنازعات کے خطرات بھی بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن، مذاکرات اور پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے اس کا عزم غیر متزلزل ہے، جسے آزمانے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کے حالیہ بیانات دراصل بھارت کے اندر بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی، عوامی اضطراب اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی آمرانہ اور تفرقہ انگیز پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہیں۔ پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کا واحد راستہ بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں مضمر ہے۔

وزیر دفاع - خواجہ محمد آصف
Comments (0)
Add Comment