اسکردو(نیوز پلس) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت وزیر اعظم مودی کا ہندوتوا کا نظریہ ہے لیکن بھارت اخلاقی میدان میں جنگ بری طرح ہار چکا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ نریندر مودی کو ویزا تک نہیں ملتا تھا، وہ نہ من موہن ہیں نہ واجپائی، ہم شروع سے خبردار کرتے آرہے ہیں کہ مودی کا ہندوتوا کا نظریہ ہے جبکہ بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے۔اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘ایک کٹھ پتلی فاشسٹ کیسے دوسرے کٹھ پتلی فاشسٹ پر تنقید کرسکتا ہے۔ ایک شخص جو اپنے ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کیسے بات کر رہا ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں بلتستان کے لوگوں کو سننے آیا ہوں، میں ان سے ملکی مسائل کے حل پر رائے لینا چاہتا ہوں۔ چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنا پڑے تو مجھے یقین ہے کہ پورا گلگت بلتستان ہمارے ساتھ ہوگا۔قبل ازیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا اور پیپلزپارٹی بلتستان ڈویژن اور اسکردو کے عہدیداروں سے ملاقات کی، اس دوران انہیں علاقے کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کشمیریوں کی حقیقی آواز ہے، ذوالفقار علی بھٹو شہید کے کشمیر ساتھ وعدوں کو پورا کریں گے۔